جمعرات، 11 دسمبر، 2025

گداگری ایک خطرناک معاشرتی ناسور

گداگری ایک خطرناک معاشرتی ناسور

عبدالعلیم بن عبدالحفیظ سلفی/سعودی عربیہ

غربت ومحتاجی یا فقر انسان کی اس حالت کو کہتےہیں جو اسےسکون اور عزت کے ساتھ زندگی گزارنے سے محروم کردے،چنانچہ محتاجی ایک ایسی حالت ہےجس میں آدمی کھانے ،پینے ،پہننےاور رہائش  وغیرہ جیسی اپنی بنیادی ضروریات فراہم کرنے سے قاصرہو۔اور وہ غربت اورمحتاجی جو انسان کو کسی دوسرے کا محتاج بنادے ایک بڑی بیماری  اور سبب عاروشنارہے جوقوم ومعاشرے میں انسان کی قدروقیمت کو گھٹا دیتی ہے ، یہی وجہ ہے کہ اللہ کےرسول صلی اللہ علیہ وسلم نے اس طرح کی محتاجی سےپناہ مانگی ہے اور فقراورکفرسےپناہ مانگنے کو ایک ہی دعاء میں اکٹھا کیاہے ، آپ دعاءفرمایا کرتے تھے :"اللهُمَّ إني أعوذُبك  من الكُفرِوالفَقْرِ"۔"اے اللہ! میں کفر اورمحتاجی سے تیری پناہ چاہتا ہوں"۔(سنن ابی داود/5090 ،سنن النسائی/1348 ،علامہ البانی نے اس روایت کو صحیح کہاہے)۔   

اسلام نے فقرومحتاجی سے لڑنےکا بہت ہی مضبوط راستہ بتایا ہے، جس سے انسان اور معاشرہ چین اور سکون کی بہترین زندگی بسرکرسکتاہے،اور مختلف پریشانیوں اور آفتوں اوربلاؤوں سے محفوظ رہ سکتاہے، اور وہ ہے   کمانا اور کمانے کےلئے کوشش کرنا ،  اس کےلئے لا ئحۂ عمل تیار کرنا  اور اس پر اخلاص کے ساتھ عمل کرنا ۔ یہی وجہ ہے کہ اللہ تعالی نے روئے زمین کو اس لائق بنایا ہے جس کے اندر انسان آسانی کے ساتھ کام کرکے اپنے لئے روزی مہیا کرسکے، وہ فرماتاہے: (هُوَ الَّذِي جَعَلَ لَكُمُ الْأَرْضَ ذَلُولاً فَامْشُوا فِي مَنَاكِبِهَا وَكُلُوا مِنْ رِزْقِهِ)۔( وه ذات جس نے تمہارے لیے زمین کو پست ومطیع کردیا تاکہ تم اس کی راہوں میں چلتے پھرتے رہو  اور اللہ کی  دی ہوئی روزیاں کھاؤ )۔(سورۃالملک /15)۔اورکاروبار اورتجارت کےذریعہ تلاش رزق کا حکم دیتےہوئے فرماتاہے:(فَإِذَاقُضِيَتِ الصَّلاةُ فَانْتَشِرُوافِي الْأَرْضِ وَابْتَغُوامِنْ فَضْلِ اللَّهِ وَاذْكُرُوااللَّهَ كَثِيراً لَعَلَّكُمْ تُفْلِحُونَ) ۔( پھر جب نماز ہو چکے تو زمین میں پھیل جاؤ اور اللہ کا فضل تلاش کرو اور بکثرت اللہ کا ذکر کیا کرو تاکہ تم کامیابی پالو)۔(سورۃ الجمعۃ/10)۔مقدام رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:" کسی انسان نے اس شخص سے بہتر روزی نہیں کھائی، جو خود اپنے ہاتھوں سے کما کر کھاتا ہے اللہ کے نبی داود علیہ السلام بھی اپنے ہاتھ سے کام کر کے روزی کھایا کرتے تھے"۔(صحیح بخاری/2072)۔اورمحنت کی کمائی کی فضیلت بیان کرتے ہوئے اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشادفرمایا:" تم میں سے کوئی شخص اپنی رسیاں لے کر پہاڑ پر چڑھ جائے اور وہاں سے لکڑیوں کا ایک گٹھا باندھ کر اپنی پیٹھ پر لاد کر لے آئے اور انھیں بیچ دے اور اس (عمل) سے اللہ اسے مانگنے سے بچا لے، تو یہ اس کے حق میں اس سے بہتر ہے کہ وہ لوگوں سے مانگتا پھرے کہ لوگ چاہیں تو دیں یا نہ دیں"۔(صحیح بخاری/1471)۔

چنانچہ کمائی اور اس کےلئے محنت وکوشش  خواہ جس طریقےکی ہو ایک  ایسا تریاق ہے جس سے فقرومحتاجی کا بہترین علاج ہوسکتاہے، اس کے علاوہ جو لوگ اس  حالت میں نہیں ہیں جو کماسکتےہیں یا بیوہ ،محتاج ،یتیم اور بےسہارا ہیں ان کےلئے امیروں پر زکاۃ فرض کی گئی ہے ، اور انہیں صدقات وخیرات پر ابھارا گیاہے ، تاکہ  ان کی مدد اورحفاظت ہوسکے، اور وہ بھوک اور تنگدستی سے بے حال ہوکر زندگی  سےچھٹکارہ پاسکیں۔

پیشہ وربھیکاری:

پوری دنیا میں بھیک کی بیماری  عام ہے ، ہرچوک اور چوراہے پر بھیک مانگنے والے مل جاتےہیں ،  محتاج  اور فقیر تو الگ بات ہے، دیکھا جاتاہے کہ وہ لوگ بھی جو کام کرسکتےہیں جسم اور دماغ صحیح سالم ہے  بھیک مانگ رہے ہیں ، ان کے پاس اس کے لئے کئی طرح کے حیلے اوربہانے ہوتے ہیں جن کےذریعہ لوگوں کے اموال لوٹنے کی ہر کوشش کرتے ہیں ۔ضرورت اور حاجت کے نام پر بھیک مانگنے کے ایسے تکلیف دہ اور شرمندہ کردینے والے  فراڈاور چارسو بیسی کے مناظرسامنے ہوتے ہیں کہ اللہ کی پناہ ۔

بڑی عمر کے افرادسے لےکر کچی عمرکےبچوں تک کو دیکھاگیاہے کہ خاص طورسے ٹرینوںمیں اور اسٹیشنوں پر بھیک مانگ کر اس سے نشہ آوراشیاء کا استعمال کرتے ہیں۔بہتوں نےتو پیشہ ورانہ طورپربھیک کو دولت اکٹھی کرنے کا ذریعہ بنالیاہے۔

بھکاری مافیا: 

اس وقت بھکاری مافیا پوری دنیا میں سرگرم ہےبھیک کے ذریعہ زبردست کمائی کی  وجہ سے اور مجبوری کے نام پر بھکاریوں کے وارے نیارےہیں ، سڑکوں اور چوراہوں پر پیشہ ور بھکاریوں کی بھرمار ہے۔ ہر طرف بزرگ، بچوں کوگودمیں لی ہوئی   خواتین اور معذوراورغیرمعذور بھیک  مانگتے نظر آتے ہیں۔ شہر میں ایک بھکاری مختلف انداز اپنا کر روزانہ ہزار وں روپے تک لوگوں کی جیبوں سے اچک لیتا ہے۔کوئی سڑک ہو، چوک یا پھر سگنل، ہر طرف پیشہ ور گداگر بھیک مانگتے نظر آتے ہیں ،یہاں تک کہ شہر کے اہم چوراہوں، ٹریفک سگنلز، مزارات، مساجد، قبرستانوں اور گلی کے نکڑوں  پر گداگروں کا قبضہ ہے۔سنہ 2011 عیسوی کے  شمار کے مطابق  صرف ملک ہندوستان میں بھکاریوں کی تعداد 413670   تھی جن میں 221673 مرد اور 191997 عورتیں تھیں ۔ عرب ممالک میں  یہ مافیا خاص طورسے سرگرم ہے۔ بعض ممالک میں ان پر سختی ہے لیکن پھر بھی  یہ اپنے  ممالک سے باضابطہ کسی کام یا ویزٹ کےبہانے امیگریشن کراکرآتے ہیں اورچوری چھپے اس پیشہ سے لگ جاتےہیں بسااوقات یہ   گرفتار ہوتے ہیں، لیکن پھرشوت دے کر واپس آجاتے ہیں ۔ نیزبہت سارے مواقع سے ملاحظہ کیاگیاہے کہ بھیک منگوانے کےلئے باضابطہ طور پر سنڈیکیٹ  اور غیرقانونی تنظیمیں بناکربچوں اور مجبوروں کو استعمال کیاجاتاہے ۔

بھیک مانگنے کے اسباب:

بھیک مانگنے کے بہت سارے اسباب ہیں ،جیسے :حاجت وضرورت  کے وقت باضابطہ کسی بھی طرح کی امدادکا نہ پہنچنا۔فقرومحتاجی سے لڑنے کا باضابطہ کوئی سسٹم یا معاشرتی نظام کا نہ ہونا۔غریبوں ، مسکینوں ، بیواؤوں ،یتیموں اور دیگر محتاج افراد کےنام پر بہت ساری تنظیموں کا  فراڈکرنا۔محتاج لوگوں کے لئے  ان کےحساب سے حکومتوں کی طرف سے کسی نوکری یا  روزگارکا فقدان۔کسی بھی نوکری کےلئے رشوت وغیرہ کا عام ہونا(جس کی وجہ سے ضرورت مندافراد  کسی بھی طرح کے وسیلہ کے فقدان کے وقت اس پیشہ سے جڑنے کو مجبورہوجاتےہیں)۔بعض لوگ وراثۃ یہ پیشہ اختیارکرلیتےہیں اور جب ان سے پوچھا جاتاہے تو کہتےہیں کہ یہ کام ہمارے باپ دادا بھی کرتےرہے ہیں۔زکاۃ وصدقات کو محتاج تک پہونچانے کےمناسب انتظام کا نہ ہونا۔ معاشرے میں تعاطف وتراحم اور  مددکے جذبےکا کم ہونا وغیرہ ۔

اسی طرح بہت سارےلوگوں کی فراخ دلی  اور بغیر سوچے سمجھے  کسی کی مدد کرنے کے جذبہ نے بھیک مافیا کو جنم  دینے  میں بڑا کردار ادا کیا ہے ،جس کا مشاہد ہ عام طور  درگاہوں  اورعبادت گاہوں میں  موجود بھکاریوں کی بھیڑ سےکیاجاسکتاہے ،لوگ اپنے صدقات وخیرات اور عطیات کو بازاروں میں ، سڑکوں پر،چوک چوراہوں پر اور عبادت گاہوں کے سامنے بےجا طورپر  صرف کرکے اپنی دریادلی دکھاتےہیں اور یہ نہیں سوچتےکہ ان کے اس رویہ کی وجہ سےایک غلط اورشرعا و قانونا غیرمناسب اور ناجائز عمل کوسماج ومعاشرے میں پھلنے پھولنےکا موقع مل رہاہے۔

بھیک مانگنے کے مختلف طریقے:

معاشرے میں بھیک مانگنے کے مختلف طریقےرائج ہیں جیسے: -بازاروں میں ۔چوک چوراہوں پر۔ گلیوں میں  آوازیں لگاکر۔گھرگھرجاکر۔ مسجدوں کے سامنےدامن پھیلاکر۔  درگاہوں اور مزاروں پر۔کسی دینی اور دھارمک کاز کےنام پر۔کسی ادارےکےنام پر چندہ کرکے۔کسی بیماری کا حوالہ دیکر۔بیٹی کی شادی اور جہیزکے نام پر۔ خانگی پریشانیوں کا حوالہ دےکر اورپڑھائی کےنام پر وغیرہ۔ اوراب تو نعت ،حمد، قوالی ، نظم ،گانے اوردکھ درد والی آواز وغیرہ کی ٹیپ چلاکر کسی دوپہئےاورچارپہئےوالی گاڑی پرلٹا کریا بٹھا کر گلی گلی میں گھمایاجاتاہے۔بسااوقات تو ان کی ہیئت اورحالت دیکھ کر ایک نفاست پسند انسان کو ان کے آس پاس سے گزرنے میں بھی ہچک محسوس ہوتی ہے۔اورکچھ سڑکوں پریا گلیوں میں گزرتےلوگوں کے دامن تک زبردستی پکڑکرانہیں پریشان کرتےہیں۔

الیکٹرانک بھیک:  

سننے میں ذرا عجیب لگتاہےلیکن یہ حقیقت ہے کہ بدلتے وقت ،

بے روزگاری ،دولت کی ہوس اور وسائل کی آسانی نے بھیک

جیسے پیشہ کو بھی ماڈرن کردیا ہے ،مختلف الکٹرانک پلیٹ

فارم اورسوشل سائٹس کے توسطسے یہاں تک کہ ویب

سائٹس بنا کر یہ آنلائن بھکاری ہمددری حاصل کرنے

اور مدد مانگنےکے لئے مختلف حکمت عملی اختیارکرتےہیں،

دل کو چھولینے والی کہانیاں سنائیں گےیا مذہبی یا انسانی

ضرورتوں اور فضیلتوں کا حوالہ دےکراپنی فنی مہارت

کو  استعمال کرکے پیشہ ورانہ بھیک منگی کوبھی مات دیتےہیں۔

الیکٹرانک بھیک منگی میں انہیں بہت ساری آسانیاں بھی فراہم

ہوجاتی ہیں ،جیسے  اس کے ذریعہ کم وقت میں  آسانی کے ساتھ

زیادہ سےزیادہ لوگوں تک رسائی مل جاتی ہے ،ان کےلئے اپنی

حقیقی شناخت چھپانا  بھی آسان ہوتاہے، جس سے کسی قانونی چارہ

جوئی یاسماجی احتساب کا سامنا کرنےسے بچ سکیں۔اوراب تو سوشل میڈیا

کے ذریعہ نیا ٹرینڈ چلاہواہےجس میں پیسےکمانےکا نام دیکر غیرمناسب ، غیر

اخلاقی ،بلا ضرورت اورگندے قسمکے ویڈیوز، آڈیوز یا تصویریں  ڈال کر لوگوں

کو اس پرابھارا جاتا ہےکہ وہ زیادہسے زیادہ شیئر، سبسکرائب، لائک اور ویوز

  دیں تاکہ سوشل سائٹس کی کمپنیاں انہیں خطیررقمدے۔واضح رہےکہ اس

سے وہ ویڈیوز مستثنی ہیں جوجائزاورحلال طریقوں کے مطابق ہیں،جودین

کی خدمت اورسماج ومعاشرہ کی تعمیروترقی ،اطلاعات عامہ اورتعلیم وتعلم کے

میدان میں اپنا کردار اداکرتےہوئے اپنی ویوزخودبناتی ہیں اوراس پرکسی بھی

طرح کےغیرمناسب،غلط ،حرام اشیاءاوراخلاقی اقدارسےمتصادم موادکے

اشتہارسےبچتےہوئے کمپنیاںاپنے صارفین (Users) کومکافآت

(rewards) دیتی ہیں ۔

اسلام اور گداگری :

بھیک اور بھیک مانگنے کی قباحت اورفردومعاشرہ پراس کےدور رس برے نتائج کی وجہ سے اسلام

 میں گداگری کو حرام اورسبب   ذلت وخواری قراردیاہے،چنانچہ بلاوجہ بھیک مانگنےکے حرام 

ہونے کی کئی ایک دلیلیں ہیں  ،جیسے:  عبداللہ بن عمررضی اللہ عنہ کی روایت ہے کہ اللہ کے

رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: "آدمی لوگوں کے سامنے ہاتھ پھیلاتا رہتاہے یہاں

تک کہ وہ  قیامت کے دن اس طرح اٹھے گا کہ اس کے چہرے پر ذرابھی گوشت نہ ہو گا"۔

(صحیح بخاری/1474،صحیح مسلم/1040)۔اور ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے

کہ رسول اللہ  صلی اللہ علیہ وسلم نےارشاد فرمایا:"جو شخص مال بڑھانے کے لئے لوگوں سے

ان کا مال مانگتا ہے وہ آگ کے انگارے مانگتا ہے، کم (اکھٹے) کرلے یا زیادہ کرلے"۔

(صحیح مسلم/1041)۔نیزابوہریرہرضی اللہ عنہ سے مروی ہےکہ رسولاللہ  صلی اللہ علیہ

وسلم نے ارشاد فرمایا:"اس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں میری جان ہے اگر کوئی شخص رسی

سے لکڑیوں کا بوجھ باندھ کر اپنی پیٹھ پر جنگل سے اٹھا لائے (پھر انہیں بازار میں بیچ کر اپنا

رزق حاصل کرے)تو وہ اس شخص سے بہتر ہے جو کسی کے پاس آ کر سوال کرے۔ پھر جس سے

سوال کیا گیا ہےوہ اسے دے یا نہ دے"۔(صحیح بخاری/1470 ، صحیح مسلم/1042)۔

اور امام احمد نے عبدالرحمن بن عوف رضی اللہ عنہ کی روایت نقل کی ہےکہ اللہ کے رسول صلی اللہ

علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا:"جو آدمی  اپنے لئے بھیک کا دروازہ کھولتاہے تو اللہ تعالی اس کےلئے

فقرکا دروازہ کھول دیتاہے"۔(صحیح الجامع /3025)۔ اسی طرح عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما  

سےمروی وہ فرماتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم  منبر پر تشریف فرما تھے۔ آپ نے صدقہ

اور کسی کے سامنےہاتھ نہ پھیلانے کا اور دوسروں سے مانگنے کا ذکر فرمایا اور فرمایا کہ:" اوپروالا ہاتھ

نیچے والے ہاتھ سے بہتر ہے۔ اوپر کا ہاتھ خرچ کرنے والے کا ہے اورنیچے کا ہاتھ مانگنے والے کا"۔

(صحیح بخاری/1429، صحیح مسلم/1033)۔

بھیک مانگنے کےنقصات اوراس کےبرے اثرات :

بھیک اور بھیک مانگنے کے فرد ومعاشرہ اور ملک وملت پر ڈھیروں نقصانات ہیں   کیونکہ  یہ ایک ایسا سماجی ناسورہے جو  سب کےلئے مسائل پیداکرتاہے، ذیل میں ہم اس کے چندبرے اور خطرناک اثرات کا ذکر کررہےہیں:

 (1) -بھیکاری   خودکو حقیر بناتاہے ، اپنی عزت وکرامت کو بیچ ڈالتاہے لوگوں کے سامنے ذلت بھرا ہاتھ پھیلاتاہے کوئی اسے دے دیتاہے اور کوئی جھڑک دیتاہے۔

(2) - کسی بھی کام کرنے والے کےلئے یا ایسے شخص کے لئے جو کام کرسکتاہے  صدقہ حلال نہیں ہے اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا:"صدقہ مالدار کے لیے حلال نہیں اور نہ طاقتور اور مضبوط آدمی کے لیے"۔(سنن ابی داود/1634 ، سنن الترمذی/662،مسنداحمد/6530،علامہ البانی نےاسے صحیح کہاہے)۔چنانچہ ایساآدمی جو کماکرکھاسکنےکی قوت رکھتاہےیا اس کےپاس کفایت بھررزق موجودہے اگر بھیک مانگ کرکھاتاہےتو وہ حرام خوری کا مرتکب ہے۔

 (3) - بھیک مانگنا  دنیا اور آخرت میں ذلت وخواری کا سبب ہے ،وہ ایک ایسا گھٹیا عمل ہےجو ذوق سلیم  کو مٹا دیتاہے، ایسا کرنا نفس کی حقارت اور گھٹیا پن کی دلیل ہے۔ اللہ رب العزت اس سے ہماری حفاظت فرمائے۔

 (4) - معاشرے اور ملک وقوم  پر بھیک کے بہت ہی برے اثرات مرتب ہوتے ہیں، اسے بڑھاوا دینا انسان کو کاہل اورکام چوربنادیتاہے، بعض حالات میں ملک وقوم کی سلامتی کے لئے بھی خطرناک ہے کیوں کہ بسا اوقات ایسے لوگ جوشرپسند ہوتے ہیں  اس کام سے فائدہ اٹھاتےہیں اور ملک اور قوم کےلئے اس دولت کو استعمال کرتے ہیں ، ماضی اور حال میں اس قسم کے بہت سارے واقعات دیکھنے اور سننے کو ملے ہیں۔

(5) - بھیک  خواہ جس شکل میں مانگی جائے اگر اس کا رجحان بڑھتاہےجیساکہ عام طور پرملاحظہ کیاجارہے تو غیر شرعی اور غیرقانونی طریقوں سے  مال ودولت جمع کرنے کا رجحان بڑھتاجائےگا جو کسی بھی معاشرہ کےلئے شرعا وقانونا ناجائز اور غیر مناسب ہوگا۔

(6) - بھیک سے   محنت کش اور  حلال روزی کا خوگرمعاشرہ  بدظنی اور ضرورت مند اور دھوکے بازآپسی  بداعتمادی کا شکار ہوں گے۔

(7) - اس بڑھتےناسورکی وجہ سے ضرورت مندوں اور دھوکے بازوں میں فرق کرنا مشکل  ہوجائےگا۔

(8) -بھیک کی وجہ سے صدقات وعطیات   کا فریضہ معاشرے پر ایک بوجھ  بن جائےگا۔

(9) - بھیک معاشی  اور معاشرتی ترقی میں رکاوٹ کا ایک اہم سبب ہے ۔

(10) - بھیک کی وجہ سے جرائم کی شرح میں اضافہ ہوتاہے۔

(11)- یہ پیشہ ور بھکاری جو ہر چوک چوراہے پر مل جاتےہیں انہیں بھیک دے کرناجائزطریقےسے پیسے وصول کرنا ، کام چوری اور جرائم کو  بڑھاوہ دینا اور اپنےمال کوضائع کرنا تو ہے ہی بسااوقات قوم ومعاشرے کےلئےخطرناک اور نقصان دہ بھی ہوسکتاہے۔ 

(12) - آج کل کے غش ودھوکہ دھڑی اورتعصب و نفرت بھرے ماحول میں بہت سارے واقعات ایسے ملے ہیں کہ لوگ بھیس بدل کر بھیک مانگتے ہیں اور یہاں تک بھی مشاہدہ کیاگیاہے کہ مسلمانوں سے بھیک مانگ کر ان پیسوں کو انہیں کے خلاف استعمال کیا جاتاہے۔

گداگری کاعلاج:

بھیک مانگنے جیسی  خطرناک معاشرتی بیماری سے بچنے کےلئے باضابطہ  مضبوط لائحۂ عمل کی ضرورت ہے خاص طورسے اسلامی شریعت نے فقرومحتاجی اور بھیک مانگنے جیسی بیماری کے خاتمے کے لئے جوبہترین حل پیش کیاہےاسے اپنانے اور عمل میں لانے کی ضرورت ہے جنہیں ذیل میں  چندنقاط میں پیش کیاجارہا ہے:

(1) - لوگوں کو اس بات سے آگاہ کیاجائےکہ روزی کا مالک اللہ رب العزت ہے:(إِنَّ اللَّهَ هُوَ الرَّزَّاقُ ذُو الْقُوَّةِ الْمَتِينُ)۔(اللہ تعالیٰ تو خود ہی سب کا روزی رساں توانائی والا اور زور آور ہے)۔( الذاريات/58) ، اورفرماتاہے:(إِنَّ رَبَّكَ يَبْسُطُ الرِّزْقَ لِمَنْ يَشَاءُ وَيَقْدِرُإِنَّهُ كَانَ بِعِبَادِهِ خَبِيراًبَصِيراً)۔(یقیناً تیرا رب جس کے لئے چاہے روزی کشاده کردیتاہےاورجس کےلئےچاہے تنگ۔یقیناًوه اپنےبندوں سےباخبراورخوب دیکھنےوالاہے)۔(الإسراء/30)۔ اورفرماتا ہے:(وَمَامِنْ دَابَّةٍ فِي الْأَرْضِ إِلَّاعَلَى اللَّهِ رِزْقُهَا وَيَعْلَمُ مُسْتَقَرَّهَا وَمُسْتَوْدَعَهَا كُلٌّ فِي كِتَابٍ مُبِينٍ)۔(زمین پر چلنے پھرنے والے جتنے جاندار ہیں سب کی روزیاں اللہ تعالیٰ پر ہیں وہی ان کے رہنے سہنے کی جگہ اور ان کے مسکن وماوی کو بھی جانتاہے۔سب کچھ واضح کتاب میں موجود ہے)۔( هود/6)،اورفرماتاہے:(أَمَّنْ هَذَاالَّذِي يَرْزُقُكُمْ إِنْ أَمْسَكَ رِزْقَهُ)۔(اگر اللہ تعالیٰ اپنی روزی روک لے تو بتاؤ کون ہے جو پھر تمہیں روزی دے گا)۔(الملك/21)،اورفرماتاہے: (وَلَقَدْ كَرَّمْنَا بَنِي آدَمَ وَحَمَلْنَاهُمْ فِي الْبَرِّ وَالْبَحْرِ وَرَزَقْنَاهُمْ مِنَ الطَّيِّبَاتِ)۔(یقیناً ہم نےاولاد آدم کو بڑی عزت دی اور انہیں خشکی اور تری کی سواریاں دیں اور انہیں پاکیزه چیزوں کی روزیاں دیں)۔(الإسراء/70)۔چنانچہ اگر کسی کے حق میں اس نے پریشانی کا فیصلہ کرلیاہے تو وہ اسے ضرور پہنچےگی ،ایسی صورت میں ایک مسلمان کےلئے ضروری ہے کہ وہ اس مصیبت پر صبرکرے  اور اس پریشانی اور محتاجی کو دورکرنے کےلئے خوب کوشش کرے ،کیونکہ یہی اللہ تعالی کا حکم ہےاور یہی ایک سچے مؤمن کی شان بھی ہے ،صہیب رومی رضی اللہ عنہ سے مروی ہےکہ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا:"مومن کا معاملہ عجیب ہے۔ اس کا ہر معاملہ اس کے لیے بھلائی کا ہے۔ اور یہ بات مومن کے سوا کسی اور کو میسر نہیں۔ اسے خوشی اور خوشحالی ملے تو شکر کرتا ہے اور یہ اس کے لیے اچھا ہوتا ہے اور اگر اسے کوئی نقصان پہنچے تو (اللہ کی رضا کے لیے) صبر کرتا ہے، یہ (بھی) اس کے لیے بھلائی ہوتی ہے"۔(صحیح مسلم/2999)۔

(2) - فقرومحتاجی سے اللہ تعالی کی پناہ طلب کرنا :جیسا کہ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی دعاء میں گزراکہ آپ محتاجی اور کفرسے پناہ طلب کیاکرتےتھے،اور ایک روایت میں ہے کہ آپ  محتاجی کی بری آزمائش سے پناہ طلب کیاکرتے تھے۔ (دیکھئے:صحیح بخاری/6368 ،6375 وصحیح مسلم/589)

(3) - طلب رزق کےلئے محنت وکوشش اور اس کی ضرورت ،اہمیت اورصحیح اورمناسب طریقۂکارپرابھاراجائے۔

(4) - مالداراور صاحب نصاب افرادکےاوپرجوزکاۃ فرض ہے اسے یقینی بنایاجائےکیونکہ یہ ان کےاوپر اللہ رب العزت کی طرف سےعائدکردہ فریضہ ہے، اللہ تعالی فرماتاہے:(وَالَّذِينَ فِي أَمْوَالِهِمْ حَقٌّ مَعْلُومٌ لِلسَّائِلِ وَالْمَحْرُومِ) ۔(اور جن کے مالوں میں مانگنے والوں کا بھی اور سوال سے بچنے والوں کا بھی مقرره حصہ ہے) ۔(المعارج/24- 25)۔

(5) - غریبوں ،یتیموں ، مسکینوں اوربیواؤں کےلئے صدقات وعطیات پرابھاراجائےاور اس کی فضیلت واہمیت کوواضح کیا جائے۔

(6) - کسی بھی حالت میں غش اور دھوکہ دھڑی کرکے اورجھوٹ بول کرلوگوں کا مال مانگنے کے انجام اورگناہ سے واقف کرایاجائے۔

(7) - آس پڑوس  ، رشتےناطےاور گاؤں محلےکے محتاج افراد کی خبرگیری کی جائے تاکہ ان کو کسی کے سامنے ہاتھ پھیلانے سے بےنیازکیاجائے۔

(8) - معاشرے میں تعلیم اور روزگارکے مواقع فراہم کرنا بھیک جیسی بیماری کو دور کرنے کا بہت بڑا ذریعہ ہوسکتاہے۔

(9)-  بھیک کےبڑھتے واقعات وحالات کے پیش نظر خاص طورسے ہم مسلمانوں کے لئے ضروری ہے کہ  اپنی بیداری کا ثبوت دیں اور  بھیک مانگنے کے عمل کے قلع قمع کےلئے اسلامی اصول کو اپنائیں، شرعی اصول معیشت کو زندہ کریں، صدقات وعطیات کا شرعی نظام نافذکریں   اور بغیرجانے بوجھے کسی کو بھی بھیک دینے سے احترازکریں۔

(10) -  بھیک مانگنے کےوسائل اور طریقۂ کار خاص طور سے آن لائن بھیک  مانگنےکی کڑی نگرانی کی جائےاور اس  کے لئے سخت  قانون وضع  کرکے اسے روبعمل لایاجائے۔

(11)-گداگری کے نقصانات  اورفرد ومعاشر ہ پر اس کے برے اثرات   کےبارے میں کمیونٹی بیداری کو بڑھاوا دینا بہت ضروری ہے، تاکہ لوگوں کو اس کے نقصانات  کےبارے میں پتا رہےاور وہ اپنے پیسوں کومناسب اور فائدے مندجگہوں میں خرچ کرسکیں۔

بھیک نہ مانگنے والے محتاجین:

بھیک کے بڑھتےرجحان کے بیچ  بہت سارے فقراء او رمحتاجین ایسے مل جائیں گے جو ضرورت کے باوجود  شرم وحیاء کی وجہ سے لوگوں  کے سامنے ہاتھ نہیں پھیلاتے وہ صرف اپنے رب رزاق سے طلب کرتے ہیں، کیونکہ ان کو یقین ہے کہ رزق کا مالک تو بس وہی ہے ، انہیں ہمیشہ یاد رہتاہے کہ اس نے خود کہاہے: (وَفِي السَّمَاءِ رِزْقُكُمْ وَمَا تُوعَدُونَ)۔(اور تمہاری روزی اور جو تم سے وعده کیا جاتا ہے سب آسمان میں ہے)۔ (الذاریات/22)۔ اسی صفت کی وجہ سے ان کی تعریف کرتے ہوئے اللہ تعالی فرماتاہے: ﴿لِلْفُقَرَاءِ الَّذِينَ أُحْصِرُوا فِي سَبِيلِ اللَّهِ لاَ يَسْتَطِيعُونَ ضَرْبًا فِي الْأَرْضِ يَحْسَبُهُمُ الْجَاهِلُ أَغْنِيَاءَ مِنَ التَّعَفُّفِ تَعْرِفُهُمْ بِسِيمَاهُمْ لاَ يَسْأَلُونَ النَّاسَ إِلْحَافًا )۔( صدقات کے مستحق صرف وه غربا ہیں جو اللہ کی راه میں روک دیئے گئے، جو ملک میں چل پھر نہیں سکتے۔ نادان لوگ ان کی بے سوالی کی وجہ سے انہیں مالدار خیال کرتے ہیں، آپ ان کے چہرے دیکھ کر قیافہ سے انہیں پہچان لیں گے وه لوگوں سے چمٹ کر سوال نہیں کرتے)۔(البقرۃ/273)۔ الحاف کا مطلب  یہ ہے کہ ضرورت نہ ہونے کے باوجود (بطور پیشہ) لوگوں سے زبردستی اور ان سے چمٹ کر مانگے۔

اس آیت کی روشنی میں اسلام نے بڑی سختی سے بھیک مانگے سےمنع کیاہے کہ صدقہ وخیرات ان بےگارکے لوگوں کے لئے ہرگزنہیں ہے جو کام  کرنے اور کمانے کی قدرت رکھتےہیں یہ توصرف ان محتاج اورغریب لوگوں کے لئے ہےجو کسی بھی وجہ سے کمانے سے قاصرہیں اورلوگوں کے سامنے شرم وحیاء کی وجہ سے ہاتھ بھی نہیں پھیلاتےاورسوال میں الحاح وزاری نہیں کرتے اور جس چیز کی انہیں ضرورت نہیں ہے اسے لوگوں سے طلب نہیں کرتے کیونکہ وہ بھیک نہیں مانگتے،اور لوگ ان کو جانتے ہیں کہ یہ حقیقت میں ضرورت مند ہیں، ایک حدیث میں ہےکہ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نےفرمایا:"مسکین وہ نہیں ہے جو ایک ایک دو دو کھجور یا ایک ایک، دو دو لقمے کے لئے در در پر جا کر سوال کرتا ہے۔ مسکین تو وہ ہے جو سوال سے بچتا ہے"، پھر نبی (صلى الله عليہ  وسلم) نے آیت(لا يَسْأَلُونَ النَّاسَ إِلْحَافًا) کا حوالہ پیش فرمایا۔ (صحیح بخاری/4539 صحیح مسلم/1039)۔

    جولوگ بلا ضرورت لوگوں کے سامنے دست سوال دراز کرتے ہیں انہیں اللہ سے خوف کھانا چاہئے کیونکہ یہ عمل شرعا اور اخلاقاکسی بھی طور سے جائزنہیں ہے، اگر انسان کو اللہ نہ چاہے کبھی محتاجی اور فقر جیسے حالات سے دوچار ہونا پڑے تو سب سے پہلے اس کے حصول کےلئے جائز اور ممدوح طریقہ اپنانا چاہئے اور کوشش ہونی چاہئے کہ ایسا عمل کرےجوشریعت میں جائز اور قابل رشک ہواورہرممکن دوسروں سے مانگنے سے بچنا چاہئے کیونکہ رزق کا مالک  اللہ ہے،وہ فرماتاہے:( وَاللَّهُ يَرْزُقُ مَنْ يَشَاءُ بِغَيْرِحِسَابٍ )۔(اللہ تعالیٰ جسے چاہے بےشمار روزیاں دیتا ہے)۔(النور/38)۔ اور ایک جگہ فرماتاہے: (هُوَالَّذِي جَعَلَ لَكُمْ الأَرْضَ ذَلُولاًفَامْشُوا فِي مَنَاكِبِهَاوَكُلُوامِنْ رِزْقِهِ وَإِلَيْهِ النُّشُور)۔(وه ذات جس نے تمہارے لیے زمین کو پست ومطیع کردیاتاکہ تم اس کی راہوں میں چلتے پھرتے رہو اور اللہ کی روزیاں کھاؤ (پیو) اسی کی طرف جی کر اٹھ کھڑا ہونا ہے)۔(الملک/15)۔ اور اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :"جو شخص سوال کرنے سے بچتا ہے تو اللہ تعالیٰ بھی اسے سوال کرنے سے محفوظ ہی رکھتا ہے"۔ (صحیح بخاری/1469)۔

اللہ رب العزت ذوالجلال والاکرام سے دعاء ہےکہ وہ ہمارےلئےحلال روزی کا راستہ کھولےرکھے،حرام طریقوں سے بچائے، ہمیں اپنی دی ہوئی رزق پر قناعت کرنے والا بنائے ،اپنے فیصلے پر ہمیشہ راضی رکھے اور اپنے نبی کا سچا متبع بنائے۔آمین یا رب العالمین وصلی اللہ علی خیرخلقہ وسلم۔

*******

(ماہنامہ" الفجر" جلد/3 ، شمارہ/30 ، نومبر-دسمبر2025 ء)